کراچی (جیوڈیسک) آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے مرکزی چیئرمین یاسین صدیق نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے وعدے کے باوجود ٹیکسٹائل برآمد کنندگان کو تاحال اربوں روپے مالیت کے سیلزٹیکس ریفنڈز نہیں ملے۔
اور نہ ہی گزشتہ مہینوں میں امریکی ڈالر کی قدر میں نمایاں کمی سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لیے ٹیکسٹائل برآمدکنندگان کے لیے ری بیٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔
اسی طرح پنجاب کی ٹیکسٹائل ملوں کو گیس کی صرف 6 گھنٹے اور بجلی کی12 گھنٹے سپلائی دی جارہی ہے، لوڈشیڈنگ کا دورانیہ زائد ہونے کی وجہ سے پنجاب کی ٹیکسٹائل انڈسٹری صرف ایک شفٹ کی پیداواری سرگرمیوں تک محدود ہوگئی ہے۔
ان منفی عوامل کے سبب ٹیکسٹائل انڈسٹری میں عدم اعتماد کی فضا بڑھتی جارہی ہے جس پر وفاقی حکومت کو توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ یاسین صدیق نے بتایا۔
کہ وزیراعظم نوازشریف نے پنجاب کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو بجلی گیس بحران کے حل کے لیے وفاقی وزرا پر مشتمل کمیٹی قائم کردی ہے اور اب انڈسٹری کمیٹی کے ممکنہ طور پرآئندہ ہفتے منعقد ہونے والے اجلاس کے نتائج کی منتظر ہے۔