کرکٹ سری لنکا نے ورلڈ کپ 2015 کی منصوبہ بندی شروع کردی

Sri Lanka

Sri Lanka

کولمبو (جیوڈیسک) سری لنکا نے ورلڈ کپ 2015 کی منصوبہ بندی شروع کردی، میگا ایونٹ سے قبل آئی لینڈرز 25 ون ڈے میچز کھیلیں گے، چیف سلیکٹر سنتھ جے سوریا کا کہنا ہے کہ ہمیں میگا ایونٹ کیلیے فاسٹ بولنگ آل رائونڈرز کی ضرورت پڑے گی۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکا نے حال ہی میں ایشیا کپ اور پھر ورلڈ ٹوئنٹی 20 ٹائٹل جیتا ہے اب اس کی نگاہیں کرکٹ کے سب سے بڑے ٹائٹل ون ڈے ورلڈ کپ پر مرکوز ہوگئی ہیں جس کے لیے ابھی سے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔

چیف سلیکٹر سنتھ جے سوریا کا کہنا ہے کہ آئندہ برس میگا ایونٹ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کھیلا جائے گا جہاں کی کنڈیشنز بنگلہ دیش سے یکسر مختلف ہیں، وہاں کے لیے ہمیں اچھے فاسٹ بولنگ آل رائونڈرز کی ضرورت ہے۔

ورلڈ کپ سے قبل ہماری ٹیم 25 کے قریب ون ڈے میچز کھیلے گی، ہمیں ابھی سے ان کھلاڑیوں کی نشاندہی کی ضرورت ہے جو کہ شوپیس ایونٹ کیلیے اسکواڈ کا حصہ بن سکتے ہیں اور پھر انھیں ان میچز میں مسلسل مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔

واضح رہے کہ سری لنکا کی ورلڈ کپ کیلیے تیاریوں کا آغاز آئندہ ماہ کے شروع میں آئرلینڈ اور انگلینڈکے دورے سے ہوگا جہاں پر وہ 7 ون ڈے میچز کھیلے گی، ٹوئنٹی 20 اور ٹیسٹ میچز بھی شیڈول ہیں، جولائی میں سری لنکا نے اپنے ملک میں جنوبی افریقہ سے تین ون ڈے میچز کھیلنے ہیں۔

سنتھ جے سوریا اپنے سابق کوچ پال فاربریس کی انگلش کیمپ میں موجودگی سے بھی خوش نہیں ہیں، ان کا کہنا ہے کہ جب سے میں نے چیف سلیکٹر کی ذمہ داری سنبھالی ہے مجھے سب سے زیادہ افسوس فاربریس کے جانے سے ہوا۔

وہ ایک ایسی ٹیم کو جوائن کرچکے ہیں جن کے ساتھ ہم نے کھیلنا ہے، وہ ہمای مضبوطی اور کمزوریوں کو جانتے ہیں ، مجھے یقین ہے کہ انگلینڈ ہماری ٹیم کا سامنا کرنے کیلیے تیار ہوگا مگر مجھے اس بات کا بھی بھروسہ ہے کہ ہمارے کوچز سینئر کھلاڑیوں کے تعاون سے ان کا کامیابی سے سامنا کرنے کے لیے تیار ہوں گے۔