اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک کے عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے تمام ادارے مل کر کوششیں جاری رکھیں۔
وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت قومی سلامتی کے بارے میں اہم اجلاس جاری ہے، جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور طالبان سے مذاکرات کرنے والی حکومتی کمیٹی کے رکن فوادحسن فواد نے شرکت کی۔
اجلاس میں ملک کی اندرونی سلامتی، طالبان سے مذاکراتی عمل ، خطے کی صورت حال اور افغانستان میں صدارتی انتخابات کے بعد کی صورت حال پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے طالبان سے جاری مذاکرات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ طالبان رابطہ کمیٹی کے ساتھ گزشتہ ملاقات میں مذاکرات کی واضح سمت کےتعین پراتفاق اور دہشتگردی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
انہوں نے طالبان رابطہ کمیٹی کے ساتھ ملاقات میں واضح کردیا ہے کہ آئندہ مکمل ایجنڈے پر بات ہو گی کیونکہ اب مذاکراتی عمل کو نتیجہ خیز بنانے کا وقت آ گیا ہے۔ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام نے ملک کی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ کے دوران کہا کہ دہشتگردی کےحالیہ واقعات میں ملوث عناصر کی نشاندہی کی جا رہی ہے اور ان واقعات میں ملوث دہشتگردوں کو بے نقاب کیا جائے گا۔