اسلام آ باد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے آئی ایس آئی کیخلاف جیو ٹی وی کے الزامات پر پوری قوم کو تشویش ہے۔ اے آر وائی ٹی وی پر ایک مذاکرے میں تبصرہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا بغیر کسی ثبوت کے الزام لگانا درست نہیں، جیو نے تحریک انصاف کی مقبولیت کو آئی ایس آئی کے کھاتے میں ڈالا۔ پارلیمینٹرینز سے ہمیشہ ان کی آمدن کے ذرائع پوچھے جاتے ہیں آج ایک پارلیمینٹرین پوچھتا ہے کہ جیو کی آمدن کے ذرائع کیا ہیں؟۔ انھوں نے کہا عام انتخابات میں جیو حکومت کے ساتھ کھڑی تھی، ابھی الیکشن کے نتائج آنا شروع ہوئے تھے اور مسلم لیگ (ن) کو کامیاب قرار دیا گیا۔
وفاقی وزیر خرم دستگیر نے کہا حکومت نے قانونی طریقہ کار اپنا کر پیمرا کو چینل بند کرنے کی درخواست دیدی ہے۔ پیمرا اور جی آئی ٹی بے لاگ تفتیش کریگی، آئی ایس آئی نے حکومتیں بنانے اور گرانے میں کردار ادا کیا ہے۔ دفاعی تجزیہ کار شاہد لطیف نے کہا کہ اس صورتحال میں حکومت نے دہرا رویہ اپنا رکھا ہے جیو کسی اور کے ایجنڈے پر کام کر رہا ہے۔ صحافی انصار عباسی نے کہا جیو نے کسی پر الزم نہیں لگایا، پیمرا کو فیصلہ کرنے دیا جائے، سسٹم کے ذریعے اگر ہمیں سزا دی جاتی ہے تو ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہیں، جیو پر غیر ملکی فنڈنگ ثابت ہو تو میں ادارہ چھوڑ دوں گا۔ پروگرام کے اینکر پرسن نے کہا الزام جیو نے لگایا ہے اور ثابت بھی اسے کرنا پڑے گا۔