میڈیا کا ایک حصہ تناؤ کی صورتحال پیدا کر رہا ہے، فرحت بابر

 Farhat Babar

Farhat Babar

لاہور (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ میڈیا کا ایک حصہ تناؤ کی صورتحال پیدا کر رہا ہے جو قبول نہیں۔ تحریک انصاف کے ایم این اے اسد عمر نے کہا کہ آزادی صحافت کی آڑ میں آئی ایس آئی کا میڈیا ٹرائل قابل مذمت ہے جبکہ سینئر تجزیہ کار ہارون الرشید کا کہنا ہے کہ آئی ایس آئی کیخلاف 30 سالہ بھارتی مہم کو جیو نے ایک دن میں پورا کر دیا۔ وہ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کر رہے تھے۔ فرحت اللہ بابر نے کہا کہ تمام اداروں کو اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کرنا چاہئے، اظہار رائے کی آزادی کیلئے صحافیوں نے بڑی قربانیاں دی ہیں لیکن میڈیا کا ایک حصہ ملک میں تناؤ کی صورتحال پیدا کر رہا ہے، یہ میڈیا گروپ اپنے آپکو تمام پابندیوں سے بالاتر سمجھتا ہے اور کسی آئین وقانون کو خاطر میں نہیں لاتا جو کسی صورت قبول نہیں۔

تحریک انصاف کے اسد عمر نے کہا کہ فوج اور آئی ایس آئی سے متعلق وزراء کے متضاد بیانات حکومتی پالیسی کا حصہ ہیں اور یہ بیانات حکومتی ایماء پر دیئے گئے، آزادی اظہار رائے کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ کوئی نجی ادارہ اپنے ذاتی مفاد کیلئے دفاعی ادارے کا میڈیا ٹرائل اور اسکے ڈی جی کو مسلسل 8 گھنٹوں تک محض الزامات کی بنیاد پر مجرم کے طور پر پیش کرے، حامد میر کو دھمکیاں ملی تھیں تو کیا اس نے اپنے خدشات حکومت کے سامنے رکھے، کیا حامد میر نے کوئی درخواست متعلقہ پولیس سٹیشن میں دی۔ سینئر تجزیہ کار ہارون الرشید نے کہا کہ بھارت کی آئی ایس آئی کو بدنام کرنے کی 30 سالہ کوشش کو جیو نے ایک دن میں پورا کر دیا، جیو کو اپنی غلطی تسلیم کر لینی چاہئے، حکومت کو فوری کارروائی کرنی چاہئے تھی۔