آمنہ مسعود رہا، اے ایس پی سیکرٹریٹ اور اے ایس پی سٹی معطل

Amina Masood

Amina Masood

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیرا عظم نواز شریف کی ہدایت پر ڈی چوک اسلام آباد میں لاپتا افراد کی رہائی کے لئے احتجاج کرنے والے مظاہرین کو رہا کر دیا گیا۔ چیئرپرسن ڈیفنس آف ہیومن رائٹس آمنہ مسعود جنجوعہ نے الزام لگایا کہ مظاہرین پر تشدد وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار کے احکامات پر کیاگیا۔پولیس نے ریڈ زون جانے کی کوشش کرنے والے مظاہرین کو تشدد اور آنسو گیس کا نشانہ بنانے کے بعد گرفتار کر لیا تھا۔ گرفتار مظاہرین میں ڈیفنس آف ہیومن رائٹس کی چیئر پرسن آمنہ مسعود جنجوعہ سمیت 12 لوگ شامل تھے۔

وزیر اعظم نے مظاہرین پر تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں فوری رہا کرنے کا حکم دیا۔ رہائی کے بعد ڈی چوک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آمنہ مسعود جنجوعہ کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں نے ان کے ساتھ بدتمیزی کی اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے مظاہرین پر تشدد کے الزام میں اے ایس پی سیکرٹریٹ ارم عباسی اور اے ایس پی سٹی یاسر آفریدی کو معطل کر دیا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر مجاہد شیر دل کو واقعہ کی جوڈیشل انکوائری کے احکامات بھی جاری کر دیے۔