پی سی او والے جج اورآئین توڑنے والے جنرل پرتوتنقید ہوگی، سعدرفیق

Saad Rafique

Saad Rafique

لاہور (جیوڈیسک) وفاقی وزیرخواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عدلیہ اور فوج کے پیشہ ورانہ کردار پر تنقید آئین کے برخلاف ہے۔ مگر آئین توڑنے والوں اور پی سی او کے تحت حلف اٹھانے والوں پرتو تنقید ہوگی۔

یہاں جس کی بات پسند نہ آئے اسے غدار کہہ دیا جاتاہے۔ لاہور میں ریلوے پولیس کی پاسنگ آوٴٹ تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان آئین و قانون کی حکمرانی کی طرف بڑھ رہاہے ، تمام ادارے مل کر کام کررہے ہیں۔

کچھ لوگ اداروں کو تنازعات میں گھسٹنے کی کوشش کرتے ہیں۔ جو بھی آئین سے انحراف کرے تنقید کا نشانہ بنے گا۔انہوں نے کہا کہ حامد میر پر حملے کے بعد اہل صحافت کو متحد ہوجانا چاہیے۔
حکومت کے بجائے خود میڈیا کو اپنی حدودکا تعین کرنا ہوگا۔

جس کی بات پسند نہ آئے اسے غدار کہہ دیا جاتاہے ، غدار تو وہ ہے جو آئین توڑے ، یا ملک کے راز بیچے۔ اس موقع پر سعد رفیق نے اعلان کیا کہ ریلوے پولیس اہل کاروں کی تن خواہیں اور مراعات مرحلہ وار بڑھائی جائیں گی۔ چین سے مزید انجن آرہے ہیں اور پہلی بار ریلوے کا خسارہ کم ہورہاہے۔