نئے بھارتی آرمی چیف کیلئے لیفٹیننٹ جنرل دلبر سنگھ سوہاگ کے نام کی سفارش

Dilbar Singh

Dilbar Singh

نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارت وزارت دفاع نے کابینہ کی تقرری کمیٹی کو نئے آرمی چیف کیلئے لیفٹیننٹ جنرل دلبر سنگھ سوہاگ کے نام کی سفارش کر دی ہے۔ بھارتی وزارت ابلاغ کے مطابق وزارت دفاع کی جانب سے یہ کوشش کی جا رہی ہے کہ کانگریس کی زیر قیادت اتحادی حکومت جلد نئے آرمی چیف کا تقرر کرے اور اس کیلئے وزارت دفاع نے لیفٹیننٹ جنرل دلبر سنگھ سوہاگ کا نام نئے آرمی چیف کے طور پر لیا ہے۔

جنرل سوہاگ نے رواں سال جنوری میں وائس چیف آف آرمی سٹاف کا عہدہ سنبھالا تھا۔ ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ یہ پیشرفت اس وقت سامنے آئی ہے جب ملک کی بڑی اپوزیشن پارٹی بی جے پی اور سابق آرمی چیف جنرل بی کے سنگھ نے کہا تھا کہ مرکزی حکومت اپنے دور اقتدار میں نئے آرمی چیف کا تقرری نہیں کرنا چاہ رہی۔ جنرل سوہاگ جنہوں نے 1974ء میں بھارت کی گورکھا رائفلز میں کمیشن حاصل کیا تھا اور ان کا مقبوضہ کشمیر اور بھارت کی شمالی شورش زدہ ریاستوں میں آپریشن کی وجہ سے ایک تجربہ کار افسر کے طور پر شمار ہوتا ہے۔

اس لئے ان کو موجودہ آرمی چیف جنرل بکرم سنگھ کی مدت تعیناتی جو 31 جولائی کو مکمل ہو رہی ہے کے بعد نئے آرمی چیف کا عہدہ دیا جا سکتا ہے۔