وزیرآباد میں سسرالیوں نے بہو پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی، خاتون تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل

Wazirabad

Wazirabad

لاہور (جیوڈیسک) وزیرآباد میں سسرالیوں نے سوئی ہوئی بہو پرپیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی جس کے نتیجے میں وہ بری طرح جھلس گئی۔ وزیر آباد میں 18 سالہ سونیا نامی لڑکی کو سسرالیوں نے رات کو سوتے ہوئے پیٹرول چھڑکنے کے بعد آگ لگا کر جان سے مارنے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں وہ بری طرح جھلس گئی، لڑکی کو تشویشناک حالت میں آج صبح لاہور کے سروس اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز کا کہنا ہےکہ لڑکی کی حالت تشویشناک جب کہ اس کے جسم کا 65 فیصد حصہ جل چکا ہے۔

متاثرہ لڑکی نے اپنے بیان میں کہنا کہ رات کو وہ اپنے کمرے میں سورہی تھی کہ اس کے سسرال والوں نے پیٹرول چھڑک کر آگ لگا کر جان سے مارنے کی کوشش کی۔ لڑکی کےمطابق رشتے داری کے باعث ہماری شادی زبردستی کرائی گئی اورشوہر مجھے اس کے طعنے بھی دیتا تھا تاہم اب وہ مجھے جان سے مارنا چاہتا ہے۔