ریاض (جیوڈیسک) سعودی عرب کے مفتیِ اعظم عبدالعزیز آل الشیخ نے ڈرائیوروں کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی گناہ کبیرہ اور حرام قرار دے دی ہے۔ عرب ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سعودی مفتی اعظم نے اپنے فتوے میں کہا ہے۔
کہ اللہ تعالٰی نے قرآن کریم میں ارشاد فرمایا ہے کہ جس نے ایک انسان کو قتل کیا ،اس نے گویا پوری انسانیت کو قتل کر دیا اور جس نے ایک شخص کو بچایا ، اس نے گویا پوری انسانیت کو بچا لیا۔ اس لئے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی گناہ کبیرہ کے زمرے میں آتی ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں کار حادثات کی شرح دنیا میں سب سے زیادہ ہے اور یہاں اوسطاً ہر روز 17 افراد ٹریفک حادثات کی وجہ سے اپنی جانیں کھو بیٹھتے ہیں۔ اس لئے سعودی مفتی اعظم نے 2010 میں بھی ایک فتویٰ جاری کیا تھا جس میں انھوں نے کہا تھا کہ جو شخص ٹریفک قانون کی خلاف ورزی کرکے کسی دوسرے ذی روح کی موت کا باعث بنتا ہے تو وہ قتل عمد کا مجرم گردانا جائے گا۔