کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں قانون نافذ کرنے والے حساس ادارے نے سپر ہائی وے سے گینگ وار کے مرکزی کردار اور تین خواتین سمیت 8 ملزموں کو گرفتار کر لیا ، گینگ وار کا کارندہ مارا گیا ، بھتہ نہ دینے پر سابق یو سی ناظم کے گھر پر دستی بم حملہ۔ سپر ہائی وے پر حساس ادارے نے کارروائی کے دوران گینگ وار کے اہم کردار فیصل پٹھان کو تین خواتین اور چار ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملزمان کو موبائل فون ٹریکنگ کے ذریعے گرفتار کیا گیا۔ حراست میں لئے گئے ملزمان میں سرور بلوچ بھی شامل ہے جو پولیس کو متعدد اہم کیسوں میں مطلوب تھا۔ کراچی کے علاقے جیکسن میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران گینگ وار کا ایک ملزم ہلاک ہو گیا جس کا تعلق سجاد کھتری گروپ سے ہے۔ فیروز آباد تھانے کی حدود میں بھی مبینہ پولیس مقابلے کے دوران پولیس نے دو سٹریٹ کرمنلز کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ چھینتے ہوئے موبائل فون اور مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کر لی۔
کراچی میں بھتہ نہ دینے پر نامعلوم افراد نے سابق یو سی ناظم کے گھر پر دستی بم سے حملہ کر دیا، واقعہ میں دو افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق میٹروول میں سابق یوسی ناظم حاجی عبدالرزاق اور ان کے رشتہ داروں کو بھتہ خوروں کی جانب سے دھمکیاں مل رہی تھیں۔ بھتہ نہ دینے پر حاجی عبدالرزاق کے گھر پر دستی بم سے حملہ کیا گیا جس سے دو افراد زخمی ہو گئے، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔