ٹھیکیدار حکام کی ملی بھگت سے ترقیاتی سکیم مکمل کئے بغیر لاکھوں روپے کی رقم وصول کر کے غائب

جھنگ:جھنگ کی اہم ترین سیاسی شخصیت کا فرنٹ مین ٹھیکیدارتحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن جھنگ کے کرپٹ حکام کی ملی بھگت سے ترقیاتی سکیم مکمل کئے بغیر لاکھوں روپے کی رقم وصول کرکے غائب ہو گیا ہے جبکہ شہر کی اکثر تعمیراتی و ترقیاتی سکیمیں ادھوری چھوڑنا معمول بن گیا ہے نیز شہر کے سب سے بڑے محلہ سلطان والا کے شہریوں نے بھی اہم سکیم مکمل نہ کرنے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

اہلیان علاقہ نے میڈیاسے بات چیت کے دوران بتایاکہ تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن جھنگ نے ممبر صوبائی اسمبلی جھنگ راشدہ یعقوب شیخ کے آبائی رہائشی علاقہ میں پیپل والا چوک محلہ سلطان والا جھنگ صدر کے قریب رانا سیف چوک سے لے کر براستہ ڈاکٹر ظہیر انجم و چوہدری مبارک علی سٹریٹ میں سیوریج ڈالنے اور سڑک کی تعمیر کا لاکھوں روپے مالیت کا ٹھیکہ فل ریٹس پر اہم ترین سیاسی شخصیت کے فرنٹ مین و منظور نظر ٹھیکیدار کو دیاتھا جس نے سیوریج ڈالتے ہوئے انتہائی غیر قانونی و خطرناک طریقے سے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کی سوئی گیس کی لائنیں مین ہولز کے اندر لے لیں ۔اس طرح سوئی گیس کے لوہے کے پائپ زنگ آلود ہونے کی وجہ سے کئی مقامات پر گیس کی لیکج شروع ہو گئی اور عوام الناس کے شدید احتجاج سمیت کسی بڑے سانحہ سے بچنے کیلئے محکمہ سوئی گیس نے وقتی طور پر سڑک کی تعمیر رکوا دی اور گیس کی پائپ لائنوں کو مین ہولز سے نکالتے ہوئے بینڈ دے کر دوبارہ سوئی گیس چالو کی اور متعلقہ ٹھیکیدار کو سڑک کی تعمیر مکمل کرنے کا عندیہ دے دیا۔اس دوران ٹھیکیدار نے مین سٹریٹ میں پتھر تو ڈالا مگر اس کی کارپٹنگ نہیں کی اور لاکھوں روپے کی رقم وصول کرکے غائب ہو گیا۔ اہلیان علاقہ نے بتایاکہ مذکورہ واقعہ کو کئی ماہ گزر چکے ہیں مگرٹی ایم اے جھنگ کے کرپٹ حکام نے سکیم کی تکمیل پر کوئی توجہ نہ دی ہے اور خزانہ سرکار سے مبینہ طور پر لاکھوں روپے کی رقم خرد برد کر لی ہے ۔انہوںنے بتایاکہ سڑک کی تعمیر نہ ہونے کے باعث وہاں ڈالے گئے پتھر پر سے گزرنا محال ہو چکاہے اور اہلیان علاقہ کی گاڑیوں کے ٹائرز بھی بری طرح تباہ و برباد ہو رہے ہیںلیکن کوئی ان کا پرسان حال نہ ہے۔انہوںنے وزیراعلیٰ پنجاب اور دیگر ارباب اختیار سے مطالبہ کیاہے کہ وہ صورتحال کافوری نوٹس لیں اور محلہ سلطان والا جھنگ صدر کی رانا سیف چوک سے براستہ ڈاکٹر ظہیر انجم و چوہدری مبارک علی سٹریٹ کی کارپٹنگ جلد مکمل کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں ۔ انہوںنے ذمہ دار افسران کو فوری معطل اور ٹھیکیدار کو بلیک لسٹ کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔