کراچی (جیوڈیسک) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ کراچی میں قیام امن ملک کی ترقی کیلیے بہت ضروری ہے، کراچی ملک کامعاشی حب ہے، حکومت کی اولین ترجیح کراچی میں امن کا قیام ہے۔ وہ منگل کو کراچی میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے گفتگو کر رہے تھے ، صدر مملکت سے ملاقات میں گورنرسندھ نے ان کو صوبے کے امورسے متعلق آگاہ کیا، گورنر سندھ نے صدر مملکت کو کراچی میں امن و امان کی صورت حال ، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری ٹارگٹڈ آپریشن ، عوام کے مسائل کے حل کیلیے جاری ترقیاتی منصوبوں اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی، صدرنے ہدایت کی کہ کراچی میں قیام امن کے لیے جاری ٹارگٹڈ آپریشن کو مربوط حکمت عملی کے تحت تیز کیاجائے اورجرائم پیشہ عناصرکے خلاف بلاتفریق کارروائی عمل میں لائی جائے۔
علاوہ ازیں اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں مسلم لیگ (ن) سندھ کے جنرل سیکریٹری سلیم ضیاکی قیادت میں سندھ اسمبلی کے ارکان سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ حکومت ملک میں توانائی کے بحران کے حل کیلیے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے، عوام کے منتخب نمائندے عوام سے رابطے میں رہیں تا کہ ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا سکیں، وفدمیں عرفان اللہ مروت ، شفیع محمد جاموٹ، ہمایوں خان ، سورتھ تھیبو، اعجاز شیرازی اور عاقب جتوئی شامل تھے، صدر نے کہا کہ امن و امان کے قیام، بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے اور دیگر مسائل کے حل کے لیے وفاق اور صوبائی حکومتیں اقدامات کررہی ہیں۔
پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل افیئرز (پی آئی آئی اے ) کے تحت منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدرمملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت نے دہشت گردی و انتہا پسندی کی روک تھام، داخلی سلامتی اور امن و امان کے مسائل سے موثر طور پر نمٹنے کیلیے اہم اقدامات اٹھائے ہیں، قومی اور ادارہ جاتی اتفاق رائے کے صحت مندانہ عمل کے ذریعے ان کثیر الجہتی کاوشوں کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، قبل ازیں چیئرمین پی آئی آئی اے ڈاکٹر معصومہ حسن خطبہ استقبالیہ پیش کیا، صدرمملکت ممنون حسین منگل کو ڈائویونیورسٹی اوجھاکیمپس کے دورے پر گئے جہاں چانسلروگورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، وائس چانسلر پروفیسر مسعود حمید خاں، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹرصغیر احمد، پرو وائس چانسلرپروفیسر عمر فاروق، سیکریٹری صحت اقبال درانی سمیت یونیورسٹی کے ارکان فیکلٹی نے ان کا استقبال کیا۔