کراچی (جیوڈیسک) ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں مایوس کن کارکردگی کے بعد شعیب ملک اور کامران اکمل سلیکٹرز کے دل سے اُتر گئے، کنڈیشننگ کیمپ کیلیے اعلان کردہ 36 کرکٹرز کی فہرست میں عبدالرزاق کو بھی شامل نہیں کیا گیا۔
عاطف مقبول کی صورت میں ایک نیا چہرہ موجود ہوگا، ون ڈے ٹیم سے ڈراپ یونس خان کو بھی طلب کر کے سہانے خواب دکھا دیے گئے۔ چیف سلیکٹر معین خان کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کیلیے منصوبہ بندی شروع کردی۔
سخت جان کرکٹرز درکار ہیں، ماضی میں تشویش کا باعث بننے والی فٹنس پر خاص توجہ دینگے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں پی سی بی سلیکشن کمیٹی کے اولین اجلاس کے بعد 6 مئی سے لاہور میں شروع ہونیوالے سمر کیمپ کیلیے 36 کرکٹرز کے ناموں کا اعلان کردیا گیا۔
سابق کپتان شعیب ملک، وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل اور پہلے سے نظر انداز عبدالرزاق ابتدائی فہرست میں بھی جگہ نہ بنا سکے، فٹنس مسائل کا شکار فاسٹ بولرز محمد عرفان اور عمر گل کو شامل کر لیا گیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیف سلیکٹر معین نے کہا کہ ورلڈ کپ کی تیاری کیلیے حکمت عملی تیار کرلی۔
ٹیم ورک سے ہدف کا حصول ممکن بنائینگے،انھوں نے کہا کہ میگا ایونٹ میں چند ماہ باقی اور ہمیں سخت جان کرکٹرز کی ضرورت ہے، ماضی کے مسائل سے چھٹکارے کیلیے فارغ وقت کے دوران کیمپ میں پلیئرز کی فٹنس پر بھر پور توجہ دی جائیگی، انھوں نے کہا کہ ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں بلاشبہ پاکستان ٹیم کی کارکردگی اچھی نہ رہی، شعیب ملک اور کامران اکمل کو ناقص فارم اور فٹنس کی وجہ سے ڈراپ کیا گیا۔