کوئٹہ (جیوڈیسک) بلوچستان اسمبلی میں آئی ایس آئی کو بدنام اور ملکی وقار کو مجروح کرنے کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں قرارداد سینئیر صوبائی وزیر نواب ثنا اللہ زہری اور دیگر مسلم لیگی ارکان کی جانب سے صوبائی وزیر سرفراز بگٹی نے پیش کی جس میں کہا گیا تھا کہ کسی واقعے کو بنیاد بنا کر مخصوص میڈیا ہاؤس کی جانب سے پوری دنیا میں اہم قومی اور دفاعی اداروں کو بدنام کرنا اور آئی ایس آئی اور اس کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ظہیرالاسلام کی کردار کشی قابل مذمت ہے۔
بلوچستان میں امن وامان برقرار رکھنے کے لئےعوام اور سرکاری اداروں نے عظیم قربانیاں دیں جبکہ قومی اداروں کو تنقید کا نشانہ بنا کر دشمنوں کو پاکستان کے وقار کو مجروح کرنے کا موقع دیا گیا جس کی ایوان شدید مذمت کرتا ہے تاہم واقعے کی تحقیقات کے لئے کمیشن کا قیام خوش آئند ہے، اجلاس میں قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔