سعودی عرب: بیوی کو تھپڑ رسید کرنے پر شوہر کو سزا

Saudi Arabia

Saudi Arabia

جدہ (جیوڈیسک) سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں عدالت نے ایک شخص کو اپنی بیوی کو چہرے پر دو تھپڑ رسید کرنے کے الزام میں ایک دن قید کی سزا سنائی ہے۔ ایک سعودی اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق عدالت نے بیوی کے نجی حق سے متعلق دعوے کو مسترد کر دیا ہے۔

تاہم شوہر کو خبردار کیا ہے کہ وہ آئندہ کبھی اپنی بیوی کو نہ مارے۔ بیوی نے عدالت میں دائر کردہ درخواست میں کہا تھا کہ اس کے خاوند نے اسے شدید مارا پیٹا اور اس کے بائِیں کندھے پر ضرب لگائی ہے۔ اس نے اپنے دعوے کے حق میں عدالت میں ایک میڈیکل رپورٹ بھی پیش کی تھی۔ خاوند نے عدالت میں اپنی بیوی کے اس دعوے کو مسترد کر دیا۔

کہ اس نے اس کو کندھے پر ضرب لگائی ہے۔ البتہ اس نے بیوی کو چہرے پر دو تھپڑ مارنے کا اعتراف کیا تھا۔ اس سعودی خاتون کے وکیل اور جنرل پراسیکیوٹر نے عدالت کے فیصلے پر اعتراض کیا ہے لیکن جج نے انھیں اس کے خلاف اپیل دائر کرنے کے لیے تیس دن کا وقت دیا ہے۔ بیوی شاید اپنے شوہر نامدار کو سنائی گئی ایک دن قید کی سزا پر مطمئن نہیں ہے اور وہ اس کو زیادہ سزا دلوانا چاہتی ہے۔