واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا نے ایران سے کاروبار کرنے کے الزام میں چین اور دبئی کی کمپنیوں پر پابندی عائد کرنیکا اعلان کیا ہے۔ جبکہ چینی بزنس مین لی فینگ کی گرفتاری میں مدد دینے والے کیلئے پانچ ملین ڈالر انعام مقرر کر دیا گیا ہے۔
امریکی اخبار کے مطابق امریکی پابندیوں کو نظر انداز کر کے ایران سے کاروبار کرنے والی آٹھ چینی کمپنیوں، دبئی کی ایک فرم اور دبئی کے دو ایگزیکٹوز کو بلیک لسٹ کر دیا گیا ہے۔ امریکی محکمہ خزانہ، سٹیٹ اینڈ جسٹس ڈپارٹمنٹ کے مطابق حکومت کی جانب سے آٹھ چینی کمپنیوں کے ذریعے ایران سے غیر قانونی بزنس کرنے والے چینی بزنس مین لی فینگ کے بارے میں اطلاع، اس کی گرفتاری میں مدد دینے۔
یا اس کے جرم سے متعلق ثبوت فراہم کرنے والے کو پانچ ملین ڈالر انعام دے گی۔ لی فینگ جو کارل لی کے نام سے بھی مشہور ہے پہلے ہی ایران کو ہتھیاروں کے حصول میں مدد فراہم کرنے کا مجرم قرار دیا جا چکا ہے۔ ایک امریکی عدالت لی فینگ پر ایران کے لیے غیر قانونی طور پر ٹرانزیکشن، منی لانڈرنگ، بینک فراڈ اور وائر فراڈ کے الزامات عائد کر چکی ہے۔ دوسری جانب ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ پابندیاں بڑی ناانصافی ہیں اس سے اصلاح پسند حکومت پر تنقید کرنے والوں کو فائدہ پہنچے گا۔