نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے وزیراعظم کے لئے نامزد امیدوار نریندر مودی کے خلاف انتخابی قوانین کی خلاف ورزی پر 2 مختلف مقدمات درج کر لئے گئے ہیں جس کے بعد انتخابی عمل نے ایک نئی صورتحال اختیار کر لی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سٹی کرائم برانچ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کی خلاف ورزی پر نریندر مودی کے خلاف مقدمات درج کئے، پولیس کے مطابق احمد آباد میں اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد نریندر مودی نے پریس کانفرنس کی جو کہ انتخابی عمل کی سنگین خلاف ورزی ہے جس کی کم سے کم سزا 2 سال قید ہے، نریندر مودی کے خلاف مقدمات کے اندراج کے بعد کانگریس کی جانب سے بھارتیہ جنتا پارٹی پر تابڑ توڑ حملے کئے جا رہے ہیں۔
احمد آباد پولیس کمشنر کا کہنا تھا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے وزیر اعظم کے لئے نامزد امیدوار کے خلاف الیکشن کمیشن کی ہدایات کی روشنی میں انتخابی عمل کے دوران عوام سے خطاب کرنے پر 2 مقدمات درج کئے گئے جبکہ ایف آئی آر کی کاپی الیکشن کمیشن کو ارسال کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب کانگریس کی جانب سے نریندر مودی کے خلاف انتخابی قوانین کی خلاف ورزی سے متعلق الیکشن کمیشن کوپہلے ہی درخواست دے دی گئی تھی جس کے بعد الیکشن کمیشن نے خلاف ورزی پر مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کئے۔