جمعہ سے گرمی کی شدت کم ہو جائیگی ، محکمہ موسمیات

Warmth

Warmth

لاہور (جیوڈیسک) ملک بھر میں موسم گرم اور خشک ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعہ سے گرمی کی شدت کم ہوجائیگی۔ گلگت بلتستان ، خیبر پختونخوا، پنجاب اور سندھ کے کچھ علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔

سندھ بھر میں شدید گرمی کی لہر کئی روز سے برقرار ہے۔ نواب شاہ ، سکھر اور حیدر آباد سمیت کئی شہروں میں درجہ حرارت 40 سینٹی گریڈ سے بھی تجاوز کر جاتا ہے جس کی وجہ سے دن میں سڑکوں پرسناٹا رہتا ہے۔

پنجاب میں بھی گرمی کا زور کم نہیں ہوا ہے۔ گرمی بھگانے کے لئے لوگ نہروں کا رخ کر رہے ہیں۔ ملک کے دیگر علاقوں میں بھی موسم گرم ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کے روز سے ملک میں جاری گرمی کی لہر بتدریج کم ہو جائیگی۔ آج شام سے گلگت بلتستان، کشمیر ، مالاکنڈ ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، راولپنڈی ، سرگودھا، فیصل آبادکوئٹہ، ژوب ، سکھر اور لاڑکانہ ڈویڑن میں تیز ہواوں ، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔