جیو نے میراتھن ٹرانسمشن سے بھارتی مہم کو تقویت دی، شرمیلا فاروقی

Sharmila Farooqi

Sharmila Farooqi

لاہور (جیوڈیسک) پیپلزپارٹی کر رکن صوبائی اسمبلی شرمیلا فاروقی نے کہا ہے کہ میراتھن ٹرانسمشن سے آئی ایس آئی کی ساکھ مجروح کی گئی۔ جیو نے بھارتی مہم کو تقویت دی جبکہ سینئر وکیل احمد رضا قصوری نے کہا کہ جیو نوازشریف کا دوسرا رخ ہے، وزراکی جانب سے فوج پر کیچڑ اچھالا گیا، شکوک و شبہات پیدا کیے گئے۔

وہ بدھ کو نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کر رہے تھے۔ ایم پی اے شرمیلا فاروقی نے کہاکہ ماضی میں بھارت اور امریکا کی جانب سے آئی ایس آئی پر الزامات لگائے جا چکے ہیں لیکن اس وقت ملک کو اندرونی و بیرونی خطرات کا سامنا ہے ایسی صورتحال میں جیو کی جانب سے ایک طے شدہ پروپیگنڈہ کے ذریعے آئی ایس آئی کیخلاف مہم سے اس کی ساکھ کو مجروح کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ جیو نے میراتھن ٹرانسمیشن سے 30 سالہ بھارتی پروپیگنڈا کو تقویت دی۔

فوج ایک قومی ادارہ ہے اور نام نہاد محب وطن میڈیا کو چاہیے تھا کہ وہ ملکی وقار کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی ذمے داری ادا کرتا لیکن یہ بالکل اس کے برعکس تھا۔ انھوں نے کہا کہ جیو نے8گھنٹوں کی نشریات سے عوام میں آئی ایس آئی کا منفی اور گمراہ کن تاثر دیا جو کسی بھی طرح ٹھیک نہیں ہے۔ سینئر وکیل احمد رضا قصوری نے کہا کہ فوج ایک باوقار ادارہ ہے اس کیخلاف ایک میڈیا گروپ کا پروپیگنڈا سمجھ سے بالاتر ہے۔