گجرات (جیوڈیسک) مسلم لیگ ق کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین اور سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ہماری مسلح افواج ہماری قومی سلامتی اور خودمختاری کی امین ہیں، پاک فوج کا مخالف اور دشمن پاکستان کا مخالف اور دشمن ہے ، مسلح افواج کے جوانوں اور افسروں کی عظیم قربانیوں کی بدولت ہی آج ہم پاکستان کی آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔
یوم شہداء پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان سے محبت کرنے اور اس کی سلامتی و قومی یکجہتی پر یقین رکھنے والا ہر پاکستانی آج شہداء کو دل کی گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کر رہا ہے شہیدا نے پاکستان کی آزادی، سلامتی، خودمختاری اور جغرافیائی حدود کے تحفظ کے علاوہ داخلی فتنوں پر قابو پانے کے مقدس فریضہ کی ادائیگی کے دوران اپنی جان کی بھی پروا نہ کی۔
مسلم لیگی قائدین نے کہا کہ ہم آج ان شہداء کے ساتھ ساتھ ان کے والدین، بہن بھائیوں اور بچوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں، پوری پاکستانی قوم ان سپوتوں کی احسان مند ہے اور یہ بات ہر پاکستانی کیلئے بھی فخر کا باعث ہے کہ ان کے وطن کی پاک دھرتی نے ان جوانوں کو جنم دیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کو تنقید کا نشانہ بنانے والوں کو پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہئے۔