لاہور: 66 سرکاری دفاتر کی بجلی منقطع

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) واجب الادا بقایاجات کی وصولی کی مہم کے سلسلے میں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے گزشتہ روز بدھ کو 66 حکومتی دفتروں اور محکموں کی بجلی منقطع کردی۔ جن دفتروں اور سرکاری محکموں کی بجلی معطل کی گئی وہ اپنے بقایا جات کی ادائیگی میں ناکام رہے ہیں۔

لیسکو حکام کے مطابق نادہندگان میں پنجاب پولیس، ایس ایس پی آفس، پنجاب ہائی وے اتھارٹی، ڈسٹرک کونسل ہال، ڈسٹرک گورنمنٹ ہیلتھ آفس اور اریگیشن کے دفاتر کے علاوہ پنجاب اسمبلی کے اسپیکر رانا اقبال کا دفتر شامل ہے۔

لیسکو آفیشل کا کہنا ہے کہ ‘ان میں سے کچھ دفاتر ایسے ہیں، جنہوں نے ایک سال سے زائد عرصے سے بلوں کی ادائیگی نہیں کی ہے ۔مثال کے طور پر اریگیشن ایگزیکٹیو انجینئر تین کروڑ دس لاکھ روپے، ایرو لوجی ڈیپارٹمنٹ 23 لاکھ روپے، واہگہ ٹاؤن ٹی ایم او چھہتر لاکھ روپے، شالیمار ٹی ایم او سولہ لاکھ روپے، ایل ڈی اے (یوسی ونگ) کے چیف انجنیئر انسٹھ لاکھ روپے اور پیسنجر اینڈ فریٹ ڈسٹرک آفیسر انیس کروڑ نوّے لاکھ روپے کے قرضدار ہیں۔

انہوں نے خبر دار کیا کہ ‘ان تمام دتاتر کی بجلی اب منقطع کردی گئی ہے جس کو اس وقت تک بحال نہیں کیا جائے گا جب تک یہ اپنے واجبات کی ادائیگی نہیں کرتے۔ یاد رہے کہ وزارتِ بانی و بجلی نے لیسکو حکام کو ان تمام سرکاری اداروں اور دفاتر کی بجلی منقطع کرنے کا حکم دیا تھا جنہوں نے اب تک اپنے بل ادا نہیں کیے ہیں۔