اورنگی ٹاؤن، مدرسہ دھماکے میں زخمی ایک اور طالبعلم دم توڑ گیا

Orangi Town

Orangi Town

کراچی (جیوڈیسک) اورنگی ٹائون میں واقع مدرسے میں ہونے والے بم دھماکے میں ایک اور طالب علم دوران علاج دم توڑ گیا، جاں بحق ہونے والے طالب علموں کی تعداد 5 ہو گئی، مقتول ابراہیم کا چھوٹا بھائی بھی دھماکے میں زخمی ہونے کے بعد 4 روز قبل دوران علاج دم توڑ گیا۔

تفصیلات کے مطابق پیر کو اورنگی ٹائون سیکٹر 4 -F فرنٹیئر کالونی موڑ کے قریب اگرور کالونی میں واقع طاہریہ مسجد کے اندر قائم جامعہ اسلامیہ میں ہونے والے بم دھماکے میں زخمی ہونے والا 11 سالہ ابراہیم ولد نواب گزشتہ روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج دم توڑ گیا، مقتول 3 بھائیوں اور ایک بہن سے سب سے بڑا تھا، مقتول کی نمازجنازہ بعد نماز عصر طاہریہ مسجد میں ادا کی گئی، نمازجنازہ میں مقتول کے اہلخانہ عزیز واقارب اور بڑی تعداد میں علاقہ مکین شریک ہوئے۔

نمازجنازہ کے بعد مقتول کی میت اورنگی ٹائون 4 نمبر میں واقع قبرستان لے جائی گئی جہاں مقتول کوسپرد خاک کر دیا گیا، مقتول ابراہیم کا چھوٹا بھائی 8 سالہ اسماعیل ولد بخت نواب بھی دھماکے میں زخمی ہونے کے بعد 4 روز قبل دوران علاج دم توڑ گیا تھا، ادھر مومن آباد پولیس نے مسجد میں کیے جانے والے بم دھماکے کا مقدمہ مسجد طاہریہ کے مہتمم کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف 5 روز بعد درج کر کے تفتیش انویسٹی گیشن پولیس کے سپرد کر دی، پولیس کے مطابق دھماکے میں جاں بحق ہونے والے طالب علموں کی تعداد 5 ہو گئی، 3 طالب علم زخمی ہیں۔