شدید گرمی میں بجلی کا شارٹ فال 3 ہزار میگاواٹ ہو گیا، لوڈشیڈنگ میں مزید اضافہ

Load Shedding

Load Shedding

لاہور (جیوڈیسک) ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر کے باعث بجلی کا شارٹ فال 3200 میگاواٹ ہو گیا جس کے باعث لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھا دیا گیا جب کہ ٹرپنگ نے بھی شہریوں کو پریشان کر رکھا ہے۔

لاہور میں کہیں 2 گھنٹے بعد اور کہیں ہر گھنٹے بعد لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جب کہ سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، نوشہرو فیروز، محراب پور، شکارپور، ڈہرکی، خیرپور اور کشمور سمیت اندرون سندھ غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ عوام کے لئے درد سر بن گئی جس پر شہری سراپا احتجاج ہیں۔

وزیرمملکت عابد شیر علی کی ہدایت کے مطابق لائن لاسز پر اندرون سندھ کئی فیڈر گزشتہ 10 دن سے بند ہیں۔ کوئٹہ میں شیڈول کے برعکس 7 سے 8 گھنٹے اور دیہات میں 18 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جس کے باعث پانی کی قلت اور زراعت کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔

دوسری جانب میانوالی میں 3 سال قبل لوڈشیڈنگ کے خلاف پُرتشدد احتجاج کرنے والے ملزموں کو عدالت نے بری کردیا گیا۔ میانوالی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف پُرتشدد احتجاج کرنے والوں کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اس مقدمے میں 75 افراد کو نامزد اور 6 ہزار افراد کو نامعلوم ملزم قرار دیا گیا تھا۔ یہ مقدمہ سرگودھا میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں 3 سال تک چلایا گیا، جہاں آج تمام ملزموں کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کردیا گیا ہے۔