رانچی (جیوڈیسک) انڈین پریمیئر لیگ کے دوسرے مرحلے کا آغاز آج سے ہورہا ہے،رانچی میں کولکتا اور چنئی کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ یو اے اے میں کھیلے گئے پانچ پانچ میچز کے بعد ٹیبل پوزیشن پر پنجاب کی ٹیم سرفہرست ہے۔ دفاعی چمپئن ممبئی انڈینز متواتر پانچ شکستوں کے بعد آخری نمبر پر موجود ہے۔
کنگز الیون پنجاب کی ٹیم کی اب تک کی کارکردگی قابل ستائش رہی ہے، کنگز الیون نے مجموعی طور پر 5 میچز کھیلے اور پانچوں میں فتح حاصل کر کے پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر قبضہ جما لیا۔
چنئی سپر کنگز کی ٹیم 5 میں سے 4 میچز جیت کر 8 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، راجستھان رائلز کی ٹیم 5 میں سے 3 میچز جیت کر 6 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ کولکتہ نائٹ رائیڈرز، رائل چیلنجرز بنگلور، سن رائزرز حیدر آباد اور دہلی ڈیئر ڈیولز کی ٹیموں نے دو، دو میچ جیت رکھے ہیں۔ دفاعی چمپئن ممبئی انڈینز کی ٹیم اب تک ایک بھی میچ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوئی۔
انفرادی کارکردگی پر نظر ڈالیں تو کنگز الیون پنجاب کے گلین میکسویل بیٹنگ اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے سنیل نارائن بولنگ کے شعبے راج کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے گلین میکسویل نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کنگز الیون پنجاب کو فتوحات دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
میکسویل نے پانچ میچوں میں 60 کی اوسط سے 300 رنز بنا رکھے ہیں جس میں تین شاندار نصف سنچریاں شامل ہیں۔ چنئی سپر کنگز کے ڈیوائن اسمتھ 240 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، انہوں نے بھی تین نصف سنچریاں بنائیں۔ چنئی سپر کنگز کے برینڈن میک کولم 193 رنز کے ساتھ تیسرے، راجستھان رائلز کے اجنکیا رہانے 182 رنز کے ساتھ چوتھے اور دہلی ڈیئر ڈیولز کے جے پی ڈومینی 173 رنز کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔
بولنگ کے میدان میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے سنیل نارائن 9 وکٹیں لیکر پہلے، رائل چیلنجرز بنگلور کے ورون ارون 8 وکٹیں لیکر دوسرے اور چنئی سپر کنگز کے شرما تیسرے نمبر پر ہیں۔