لاہور (جیوڈیسک) ملک بھر میں جاری بجلی کی اعلانی اور غیر اعلانی لوڈ شیڈنگ نے لوگوں کا جینا دشوار کردیا ہے۔ بجلی کی ستائی عوام کا سڑکوں پر احتجاج کا سلسلہ جمعے کو بھی جاری رہا۔ ملک بھر میں ایک طرف گرمی اپنا اثردکھا رہی ہے جس سے شہری بے حال ہیں تودوسری طرف بجلی کی آنکھ مچولی نے لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔
ملک کا کوئی ایسا شہر نہیں جہاں کئی کئی گھنٹوں کی اعلانی اور غیر اعلانی بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے شہری پریشان نہ ہوں۔ شہروں میں 12 سے 14 گھنٹوں تک لوگ بجلی سے محروم رہتے ہیں۔ دیہی علاقوں میں صورتحا ل اور بھی خراب ہے جہاں بجلی بند رہنیکا دورانیہ 16سے 18 گھنٹوں تک پہنچ گیا ہے جس کے باعث گھریلواور کاروباری سر گرمیاں بری طرح متاثر ہورہی ہیں۔
کئی علاقوں میں ٹیوب ویل بند ہونے سے لوگ پانی کو ترس گئے ہیں۔ خیبر پختو نخوا ہو یا پنجاب، سندھ ہو یا بلوچستان ، آزاد کشمیر ہو یا گلگت بلتستان، بجلی کی بندش کیخلاف شہری خون تو جلاہی رہے ہیں لیکن صبر کا پیمانہ لبریز ہوتو سراپا احتجاج بن جاتے ہیں اور واپڈا کے خلاف نعرے لگا کر اپنے دل کی بھڑاس نکالنے سڑکوں پرآجاتے ہیں۔