افغانستان میں لینڈ سلائڈنگ سے 2500 افراد ہلاک، سیکڑوں تاحال لا پتہ

Afghanistan

Afghanistan

کابل (جیوڈیسک) افغانستان کے شمالی صوبے بدخشاں میں شدید بارشوں کے بعد ہونے والی لینڈ سلائڈنگ کے نتیجے میں 2500 افراد جاں بحق جب کہ 300 سے زائد مکانات تباہ ہو گئے ہیں۔

افغان صوبے بدخشاں کے گورنر شاہ ولی اللہ ادیب کے مطابق شدید بارشوں کے باعظ گزشتہ روز ضلع آرگو میں ہونے والی لینڈ سلائڈنگ کے نتیجے میں اب تک 2500 افراد جاں بحق جب کہ سیکٹروں تاحال لا پتہ ہیں، مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے 300 سے زائد مکانات مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مزید لینڈ سلائڈنگ کے خطرے کے پیش نظر 700 خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔

آرگو کے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بارشوں کے نتیجے میں ہونے والی تباہی اور لینڈ سلائڈنگ سے اب تک 1500 مویشی بھی مر چکے ہیں۔ دوسری جانب ریسکیو ٹیموں نے ملبے کو ہٹانے کے لئے بھاری مشینری کی مدد سے کٹائی کا کام شروع کردیا امریکا اور نیٹو فورسز کی جانب سے بھی امدادی کاموں میں حصہ لیا جارہا ہے۔

امریکی صدر براک اوباما نے افغانستان میں شدید بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مصیبت کی اس گھڑی میں امریکی حکومت اور عوام متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے، اگر افغان حکومت رابطہ کرے تو اس قدرتی آفت میں ہم اپنے اہم اتحادی ملک کی مدد کرنے کے لئے تیار ہیں۔