اعجاز احمد ’’ ٹرپل رول‘‘ کے لیے میدان میں کود پڑے

Ejaz Ahmed

Ejaz Ahmed

لاہور (جیوڈیسک) سابق ٹیسٹ کرکٹر اعجاز احمد ٹرپل رول کیلیے میدان میں کود پڑے، رکن سلیکشن کمیٹی اور این سی اے کوچ نے فیلڈنگ کوچ کیلیے بھی اپنی خدمات پیشکش کر دیں۔

ذرائع کے مطابق سابق ٹیسٹ کرکٹر نے باقاعدہ طور پر اپنی درخواست جمع کرا دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اعجاز احمد نے بنگلہ دیش میں شیڈول ایشیا کپ اور ورلڈ ٹوئنٹی 20 سے قبل بھی فیلڈنگ کوچ کیلیے درخواست دی تھی لیکن حیران کن طور پر پی سی بی نے بیٹنگ کوچ کیلیے اپلائی کرنے والے شعیب محمد کو عہدہ سونپ کر جولین فائونٹین کا خلا پُر کیا۔

دونوں ایونٹس میں قومی ٹیم کی غیر معیاری کارکردگی کے بعد پی سی بی نے ٹیم مینجمنٹ اور کوچنگ اسٹاف کے کنٹریکٹ میں مزید توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور نئے امیداروں کیلیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 5 مئی مقرر کر دی۔ این سی کوچ اعجاز احمد حال ہی میں قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن بھی بنا دیے گئے تھے۔

جمعے کو انھوں نے تیسرے عہدے کیلیے بھی درخواست دیدی، 60 ٹیسٹ اور 250 ایک روزہ میچز میں ملک کی نمائندگی کرنے والے سابق ٹیسٹ کرکٹر 2010 میں بھی گرین شرٹس کے ساتھ فیلڈنگ کوچ کے فرائض انجام دے چکے ہیں،اس کے بعد ان کی بیشتر مصروفیات این سی اے میں ہی رہیں۔

وقار یونس کو گرین شرٹس کا ہیڈ کوچ بنائے جانے کا فیصلہ کیا جاچکا، اگر ملکی کوچ کو ترجیح دی گئی تو سابق فاسٹ بولر کے ساتھ اچھے مراسم رکھنے والے اعجاز احمد فیلڈنگ کوچ کیلیے مضبوط امیدوار ہوسکتے ہیں، البتہ سلیکشن کمیٹی کے رکن اور این سی اے کوچ کی ذمہ داریاں راہ میں رکاوٹ ہونگی،منتخب ہونے کی صورت میں ان سے اکیڈمی کی پوسٹ واپس بھی لی جا سکتی ہے۔