کراچی (جیوڈیسک) سعودی حکومت کی جانب سے ناقص کارکردگی پر بلیک لسٹ قرار دی جانے والی حج کمپنیوں کو اس سال حج کوٹا نہیں ملے گا۔ حکومت پاکستان نے حج 2013 کے دوران سنگین نوعیت کی شکایات پر سعودی وزارت مذہبی امور کی جانب سے پاکستانی پرائیویٹ حج کمپنیوں کو بلیک لسٹ قرار دیے جانے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فیصلہ کیا ہے۔
کہ بلیک لسٹ قرار دی گئی کمپنیوں کو اس سال حج کوٹا نہیں دیا جائے گا، پرائیویٹ ٹورآپریٹرز کیلیے سخت قوانین بناکر انھیں قانون کا پابند کیا جائے گا، حکومت نے ہر سال معصوم لوگوں کو فریضہ حج کی ادائیگی کے نام پر لوٹنے والی جعلی حج کمپنیوں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان نے سعودی حکومت کی جانب سے پاکستان کی 56 حج کمپنیوں کو بلیک لسٹ قرار دینے کا سخت نوٹس لیا ہے حج 2013 کے دوران 745 حج کمپنیوں نے عازمین حج کیلیے خدمات انجام دی تھیں۔
ان کمپنیوں میں سے 56 کمپنیوں کیخلاف سنگین نوعیت کی شکایات سامنے آئی تھیں جس پر سعودی حکومت نے ان کمپنیوں کو بلیک لسٹ قرار دیا جبکہ بعض کمپنیوں کو ناقص کارکردگی پر پاکستانی وزارت مذہبی امور نے بھی بلیک لسٹ قرار دیا تھا حکومت نے بلیک لسٹ کمپنیوں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے مذکورہ کمپنیوں نے عازمین حج سے جو تحریری معاملات طے کیے تھے ان کے مطابق عازمین حج کو سہولتیں فراہم نہیں کیں۔