اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ ملک محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہوسکتا‘ عمران خان مذموم عمل کا حصہ نہ بنیں۔ اپنے انٹر ویوز میں سینٹر پرویز رشید نے کہا اگر انہیں شکایات ہیں۔
تو وہ ثبوت کے ساتھ اسمبلی کے فلور پر لائیں وگرنہ اسمبلیوں سے فوری استعفے دے دیں‘ ایک ٹکٹ سے دو دو مزے نہ لیں‘ عمران خان کو طاہر القادری اور شیخ رشید کا سہارا لے کر احتجاجی سیاست کا شوق مہنگا پڑے گا‘ اگر عمران خان کے مطابق عام انتخابات کے وقت ملک بھر میں بد ترین دھاندلی ہوئی ہے۔
تو پھر عمران خان کی صوبہ خیبر پختونخوا میں حکومت بھی تو اسی انتخابات کی صورت میں ہی وجود میں آئی ہے کیا ان کی حکومت بھی دھاندلی کی پیدوار ہے؟ اس طرح انہیں کے پی کے کی حکومت اور پارلیمنٹ میں رہنے کا حق حاصل نہیں ہے اور وہ فوری طور پر اسمبلیوں سے استعفے دیں اور باہر آ کر سڑکوں پر احتجاج کرنے کا شوق بھی پورا کر لیں۔