فیسوں میں بے تحاشا اضافہ فی الفور روکا جائے: محمد زبیر حفیظ
Posted on May 4, 2014 By Majid Khan سٹی نیوز, لاہور
لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر حفیظ نے کہا ہے کہ نئے تعلیمی سال کے آغاز میں فیسوں میں بے تحاشا اضافہ کیا جا رہا ہے اس اضافے کو فی الفور روکا جائے اور اس حوالے سے مئوثر کارروائی بھی کی جائے۔
نئے تعلیمی سال کے آغاز میں سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کی جانب سے فیسوں میں اضافہ تعلیمی دشمنی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور یونیورسٹی میں منعقد ہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ نجی تعلیمی ادارے تعلیم دینے کی بجائے دولت کمانے والی فیکٹریاں بن چکے ہیں ۔مہنگائی نے پہلے ہی عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے اس پر فیسوں کی زیادتی اور کتابوں کی قیمتوں میں اضافے نے حالات مزید خراب کر دئیے ہیں ۔حکومتی سطح پر اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
تعلیم عام کرنے کے دعوے اور فیسوں میں بے تحاشا اضافہ حکمرانوں کے کارناموں کے لئے ایک سوالیہ نشان ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک بھر میں قائم گھوسٹ تعلیمی اداروں کا خاتمہ کیا جائے ۔ ملکی ترقی اور خوشحالی کے لئے تعلیم کے فروغ کو یقینی بنایا جائے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com