کراچی (جیوڈیسک) سابق وفاقی وزیرداخلہ اور پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر رحمن ملک نے کہاہے کہ بلوچستان کی طرح کراچی میں بھی یونیفارم کی آڑلے کر چند عناصر دہشت گردی کررہے ہیں۔
کراچی میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں طالبان ملوث ہیں،اب یہ دیکھنا ہو گا کہ طاہر القادری کو کون ٹوپی پہنائے گا۔ اتوار کو کراچی ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رحمن ملک نے کہاکہ دیکھنا ہو گا کہ طاہر القادری کے پیچھے کوچ کون ہے۔
ہمارے دور میں جب طاہر القادری نے دھرنا دیا تھا،اس وقت سردی تھی اور اب گرمی ہے، اب دیکھنا یہ ہو گا کہ انھیں نیا کنٹینر دیا جائے گا یا پرانے سے ہی کام چلائیں گے، طاہر القادری کا دھرنا جمہوریت کے لئے خطرہ نہ بن جائیں اور سیاسی جماعتیں جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے جمہوریت ہی نہ کھودیں۔
انھوں نے کہاکہ ایم کیو ایم کے کارکنان کے قتل پرافسوس ہے، کوئی بھی نہیں چاہتا کہ ماورائے عدالت قتل کاسلسلہ چلے، ایم کیو ایم کے کارکنوں کے قتل پر کمیٹی بنادی ہے اور حکومت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ قاتل پکڑے جائیں، امید ہے کہ ایم کیو ایم اپناالٹی میٹم واپس لے گی۔