کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں ایک اور شہری جعلی عامل کے ہتھے چڑھ کر اپنی جان گنوا بیٹھا، پولیس نے ملزم کو 2 ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق گارڈن میں پاکستان کوارٹرز کے قریب جعلی پیر کے آستانے پر عبدالغنی نامی شخص علاج کی غرض سے آیا تومبینہ طور پراعجاز بابا اور اس کے کارندوں نے اسے زنجیروں سے باندھ کر تشدد کا نشانہ بنایا، تشدد کے نتیجے میں عبدالغنی جاں بحق ہو گیا۔ شور پکار پر لوگ پہنچے اور عبدالغنی کی لاش کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کے اہل خانہ نے احتجاج کیا۔
پولیس نے کارروائی کر کے جعلی پیر نصیر بابا، اعجاز بنگالی سمیت 3 افراد کو گرفتار کر لیا۔آستانے کے مالک نصیر بابا کا کہنا ہے کہ انہوں نے صرف دھونی دینے کا کہا تھا۔ گرفتار دوسرا جعلی پیر اعجاز بنگالی کہتا ہے کہ وہ اس سے قبل مختلف اداروں میں ملازمت کر چکا ہے اور چند ماہ قبل ہی یہ کام شروع کیا ہے، جب اس سے تشدد کرنے سے متعلق سوال کیا گیا تو اس کا کہنا تھا کہ جاں بحق عبدالغنی کے اہل خانہ خود اسے آستانے پر لائے تھے۔ایس ایس پی سٹی ڈویژن شیراز نذیر کے مطابق نہ صرف ان جعلی پیروں بلکہ علاقے میں موجود دیگر جعلی پیروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔