احمد مائتیق لیبیا کے نئے وزیر اعظم بن گئے

Ahmed Maytyq

Ahmed Maytyq

طرابلس (جیوڈیسک) لیبیا کی پارلیمنٹ کے صدر نوری ابو شمائن نے اعلان کیا ہے احمد مائتق لیبیا کے نئے وزیراعظم ہیں۔ یہ حکم نامہ پارلیمنٹ کی ویب سائیٹ پر بھی اپ لوڈ کر دیا گیا ہے۔ واضع رہے کہ پارلیمنٹ کی اس منظوری سے پہلے احمد مائتیق نے اتوار کے روز وزارت عظمی کا حلف اٹھایا تھا لیکن پارلیمنٹ کے نائب نے وزیراعظم کے انتخاب کو غلط قرار دے دیا تھا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فرسٹ ڈپٹی سپیکر عزالدین العوامی کا کہنا تھا کہ میطیق سب سے زیادہ ووٹ لینے کے باوجود لازمی اکثریتی حمایت حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے۔ تاہم سیکنڈ ڈپٹی سپیکر صالح مخزوم نے بعد ازاں کہا کہ میطیق کو مقررہ اکثریتی ووٹ مل گئے ہیں۔

مخزوم نے میطیق کو آئندہ دو ہفتوں میں نئی حکومت بنانے کی ہدایت بھی کر دی تھی۔ انہوں نے اسمبلی کی ٹیلی وژن پر نشر کی گئی کارروائی کے دوران کہا کہ احمد میطیق باضابطہ طور پر نئے وزیراعظم ہیں۔ اس موقع پر بعض ارکانِ پارلیمنٹ مخزوم کے اس اعلان کی مخالفت میں نعرے لگا رہے تھے۔ اس کے چند گھنٹوں بعد العوامی نے ووٹنگ کو غیر قانونی قرار دے دیا تھا۔ انہوں نے تین ہفتے قبل مستعفی ہونے والے عبداللہ التینی سے کہا وہ اقتدار سنبھالے رکھیں۔

خیال رہے کہ التینی نے اقتدار سنبھالنے کے پہلے مہینے میں ہی استعفیٰ دے دیا تھا۔ ان کے استعفے کے بعد وزیراعظم کی کرسی خالی ہو گئی تھی۔ اس کے بعد ہونے والی ووٹنگ کی قانونی حیثیت پر ارکانِ پارلیمنٹ میں شدید اختلاف رہا ہے۔