بالی ووڈ میں ’’موہن جوداڑو‘‘ پر فلم بنانے کی تیاری، ہریتھک مرکزی کردار ادا کریں گے

Hartik Roshan

Hartik Roshan

ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار آسوتوش گواریکر وادی سندھ کی قدیم تہذیب ’’موہن جو داڑو‘‘ پر فلم بنا رہے ہیں اور اس میں مرکزی کردار ہریتھک روشن ادا کریں گے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق آسوتوش گواریکر کی گزشتہ تاریخی فلم ’’جودھا اکبر‘‘ میں ہریتھک روشن نے کام کیا تھا ، اب وہ ایک مرتبہ پھر تاریخی موضوع پر فلم بنا رہے ہیں جو وادی سندھ کی قدیم تہذیب ’’موہن جو داڑو‘‘ کا احاطہ کرے گی۔

اس فلم کا اسکرپٹ کافی عرصے سے تیار تھا تاہم وہ ہریتھک روشن کی فراغت کا انتظار کر رہے تھے، اب جب ہریتھک روشن نے فلم میں کام کرنے کے لئے حامی بھر لی ہے تو انہوں نے بھی فلم کی عکس بندی کے لئے انتظامات شروع کر دیئے ہیں تاہم اب تک فلم میں شامل دیگر فنکاروں کا انتخاب نہیں ہوا۔ واضح رہے کہ آسوتش گواریکر اس سے قبل جودھا اکبر کے علاوہ لگان اور سوادیس جیسی فلمیں بناکر کئی ایوارڈز اپنے نام کر چکے ہیں۔