سابق صدر پرویز مشرف کی ریڑھ کی ہڈی میں فریکچرکا انکشاف

Pervez Musharraf

Pervez Musharraf

کراچی (جیوڈیسک) سابق صدر پرویز مشرف کی ریڑھ کی ہڈی میں فریکچرکا انکشاف ہوا ہے۔طبی ماہرین پر مشتمل نجی میڈیکل بورڈ نے پرویز مشرف کو فوری طور پر بیرون ملک سرجری کرانے کی تجویز دی ہے۔ غیرملکی اور ملکی اسپتالوں کے ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل پانچ رکنی میڈیکل بورڈ نے چار مئی کوسابق صدر پرویز مشرف کا معائنہ کیا۔ ڈاکٹر امتیاز ہاشمی، پروفیسر ڈاکٹر اطہر انعام، ڈاکٹر منظرحسین ، ڈاکٹر سرور جمیل صدیقی اور ڈاکٹر سہیل رفیع پر مشتمل میڈیکل بورڈ کے ارکان نے کراچی میں پرویز مشرف کی ریڑھ کی ہڈی اور بائیں ٹانگ میں تکلیف کا تفصیلی معائنہ کیا۔اپنی رپورٹ میں بورڈ کے ارکان نے کہا ہے کہ دو سال قبل دبئی میں پرویز مشرف کو یہ تکلیف شروع ہوئی جو اب شدت اختیار کرگئی ہے۔

ارکان نے رپورٹ میں کہا ہے کہ یہ تکلیف بڑھ رہی ہے اور ان کی ریڑھ کی ہڈی میں فریکچر کی وجہ سے شدید مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں جس کی فوری سرجری ضروری ہے۔ بورڈ کے ارکان نے تجویز کیا ہے کہ اس سرجری کے لئے ٹیکنالوجی اور مہارت پاکستان میں دستیاب نہیں ہے اس لئے انہیں دبئی، نارتھ امریکا یا یورپ سے سرجری کرانی چاہیے۔