ضلع میں بارہ سے سترہ مئی ماں اور بچے کی صحت کا ہفتہ منانے کی تیاریاں
Posted on May 6, 2014 By Majid Khan سٹی نیوز
جھنگ: ایگزیکٹوڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر ظفر عباس خان نے کہا ہے کہ ڈی سی او راجہ خرم شہزاد عمر کی سرپرستی میں ضلع میں بارہ سے سترہ مئی ماں اور بچے کی صحت کا ہفتہ منانے کی تیاریاں پھر پور طریقے سے مکمل کی جاچکی ہیں اور اس اہم ترین عوامی صحت کے پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے دیگر سرکاری محکموں کے علاوہ سول سوسائٹی کو بھی خصوصی طور پر شامل کیا جا رہا ہے کیونکہ ماں اوربچے کی صحت کے اس خصوصی پروگرام کو ذمہ داری سے نبھاکر سو فیصدنتائج حاصل کرنا نہایت ضروری ہے۔
یہ بات انہوں نے ڈی سی او کی ہدایت پر ماں اور بچے کے ہفتہ کے بارے لوگوں میں آگہی پیداکرنے کے سلسلہ میں ڈی ایچ کیو ہسپتال میں واقع ڈسٹرکٹ ہیلتھ ڈویلپمنٹ سنٹر میں خصوصی ہیلتھ پروگرام کے زیر اہتمام منعقدہ ہیلتھ میلے کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیٹر خصوصی ہیلتھ پروگرام ڈاکٹر ذوالفقار علی ،ایم ایس ڈاکٹر ممتاز سیال،ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر جہانگیر نول ،ڈسٹرکٹ جنرل منیجر این سی ایچ ڈی مہر عمر دراز جھانوری ،ڈپٹی ڈی او پالولیشن سلمہ پروین ،ضلعی انچارج الف اعلان عورت فائونڈیشن انچارج راناشاہد، محمد آصف مغل، اسسٹنٹ کوآرڈی نیٹر نیشنل پروگرام رضوانہ قمر،فوزیہ پروین ،محکمہ تعلیم اور مختلف این جی اوز کے نمائندوں کے علاوہ محکمہ ہیلتھ کی خواتین اہلکاران اور مائیں اور بچے موجود تھے۔ای ڈی او ہیلتھ نے میلہ کے موقع پر محکمہ ہیلتھ،پاپولیشن ویلفیئر ،ایجوکیشن،این سی ایچ ڈی ،الف اعلان اور دیگر محکموں کی طرف سے لگائے گئے سٹالوں کو معائنہ کیا انہوںنے محکمہ ہیلتھ کے انتظامی افسران و ماتحت عملہ کو ماں اور بچے کی صحت کے ہفتہ کو کامیاب بنانے کیلئے بھرپور محنت کرنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیٹر محکمہ ہیلتھ خصوصی پروگرام ڈاکٹر ذوالفقار علی نے بتایا کہ ماں اور بچے کی صحت کے ہفتہ کے دوران جہاں حاملہ خواتین کو حفاظتی ٹیکوں کے کورس کرائے جائینگے وہاں دو سال تک کی عمرکے بچوں کو حفاظتی ٹیکے ،دو سے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو کیڑوں کی دوائی ،پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیوسے بچائو کے قطرے پلانے کے علاوہ چھوٹے بچوں کو نمونیہ، اسہال اور خسرہ سے بچانے کیلئے حفاظتی تدابیر سے والدین کو آگاہ کیا جائیگا ۔انہوںنے بتایا کہ نیشنل پروگرام کی تمام لیڈی ہیلتھ ورکرزاور لیڈی ہیلتھ سپر وائزرز کی اس ضمن میں باقاعدہ ڈیوٹیاں لگائی جا چکی ہیں اور انکی تربیت کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔انہوںنے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ہفتہ ماں اور بچے کی صحت کو کامیاب بنانے کیلئے محکمہ ہیلتھ کے عملہ سے بھرپور تعاون کریں ۔اس موقع پر مائوں کے ساتھ آئے ہوئے صحت مند و خوبصورت بچوں میں محکمہ صحت کی طرف سے گفٹ بھی تقسیم کئے گئے۔بعد ازاں ای ڈی او ہیلتھ کی قیادت میں میلہ کے شرکاء نے ڈی ایچ ڈی سی سے ڈی ایچ کیوہسپتال کے مین گیٹ تک نکالی گئی واک میں بھی شرکت کی۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com