کراچی (جیوڈیسک) پیر کے روز کراچی ائیرپورٹ سے حراست میں لیا گیا امریکی شہری ایف بی آئی کا ایجنٹ نکلا۔ امریکی حکام کے مطابق جیول مقامی پولیس کی ٹریننگ کیلئے پاکستان کے دورہ پر ہے اور اس کے بیگ میں گولیاں غلطی سے رہ گئی تھیں۔ کراچی سے اسلام آباد جاتے ہوئے حراست میں لیا گیا امریکی شہری فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن کا ایجنٹ نکلا۔ یہ انکشاف کیا امریکی قانون نافذکرنے والے حکام نے جن کے مطابق ان کے ملک کا شہری پاکستان میں مقامی پولیس کو ٹریننگ دینے کے لیے گیا تھا۔ امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حکام کاکہنا ہے کہ امریکی مسافر جیول کے قبضے میں نائن ایم ایم کی گولیاں دراصل غلطی یا بے دھیانی سے رہ گئی تھیں۔
امریکی دفتر خارجہ کے حکام کا کہنا ہے کہ ان کے سفارت کار پاکستانی حکام سے رابطے میں ہیں تاکہ جلد از جلد امریکی شہری کی رہائی ممکن بنائی جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ اس ایف بی آئی ایجنٹ کی رہائی 2011 میں ریمنڈ ڈیوس کے مقابلے میں کافی آسان ہو گی۔ دوسری جانب ایئرپورٹ پولیس نے آرمز آرڈیننس کے تحت ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرکے جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت میں پیش کیا، جہاں عدالت نے ملزم کو 10 مئی تک پولیس کی تحویل میں دے دیا ہے۔