کراچی (جیوڈیسک) محمد رفیق مانگٹ چینی اخبار” وانٹ چائینہ ٹائمز“ کے مطابق دنیا میں چین پاکستان کی وجہ سے فائیٹر طیاروں کی برآمد میں تیسرے نمبر پر آگیا ، پاکستان نے چین سے 2.52 ارب ڈالر کے ایک سو جے ایف تھنڈر ( FC-1 Xiaolong) طیارے حاصل کرنے کے معاہدے کیے جن میں 870 ملین ڈالر کے 45 لڑاکا طیارے پاکستان کو فراہم کردیئے ہیں۔
جبکہ 1.65 ارب ڈالر کے 55 جے ایف تھنڈر آئندہ چار برسوں میں فراہم کیے جائیں گے۔ اخبار کے مطابق چین نے ابھی جے 31 اسٹیلتھ فائٹر کو تجرباتی مراحل سے گزارنا ہے لیکن 2010 سے 2017 کے درمیان ملٹی خصوصیات کے حامل ہونے کی وجہ یہ لڑاکا طیارے دنیا میں امریکا اور روس کے بعد برآمدی معاہدوں میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے۔
کہ چین چوتھی اور پانچویں جنریشن کے طیاروں پر انحصار کیے بغیر فوجی طیاروں کا ایک بڑا برآمد کنندہ بن گیا ہے۔ چین نے طیاروں کی برآمدات دیگر ممالک کو 35 برس قبل شروع کی اور اب تک 1700 طیارے برآمد کیے ہیں۔ چینی اخبار کے مطابق چین فائیٹر طیاروں کی برآمدات میں پاکستان کی وجہ سے تیسرے نمبر پر ہے۔
چین کی چینگدو ایئر کرافٹ کارپوریشن اور پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کی طرف سے تیار کردہ کئی جنگی خصوصیات کے ہلکے پھلکے وزن کے حامل ایک انجن کے جے 17 ایف تھنڈر ( FC-1 Xiaolong) فائیٹر طیاروں کی برآمدات میں سرفہرست ہے۔ 10 سے زائد ترقی پذیر ممالک اس تیسری جنریشن کے سستے اور فعال لڑاکا طیارے خریدنے میں دلچسپی ظاہر کرچکے ہیں۔ چینی ساختہ کے 8 ٹرینر ایئر کرافٹ کا سب سے بڑا خریدار مصر ہے۔ چین نے 25 یو 8 ٹرانسپورٹ طیارے برآمد کیے ہیں۔