نئی دلی (جیوڈیسک) بھارت میں پارلیمانی انتخابات کا آٹھوں مرحلہ شروع ہوگیا ہے، ملک بھر کی 7 ریاستوں کے 64 حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کے گڑھ امیٹھی میں بھی آج ہی پولنگ ہوگی۔
بھارت میں پارلیمانی انتخابات کے آٹھویں مرحلے میں آج ایک ہزار سات سو سینتیس امیدوار آمنے سامنے ہیں جن کی قسمت کا فیصلہ اٹھارہ کروڑ سینتیس لاکھ ووٹرزکریں گے۔ سب سے دلچسپ مقابلہ امیٹھی میں ہوگا جہاں گزشتہ 10 برس سے حکومت کرنے والے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کے مدمقابل بی جے پی کی امیدوار اور سابق اداکارہ سمرتی ایرانی اور عام آدمی پارٹی کے کمار وشواس ہوں گے۔
بی جے پی کے صدر اور وزیراعظم کے امیدوار نریندر مودی کا کہنا ہے کہ اب ماں بیٹے کی حکومت کا وقت ختم ہورہا ہے، لگاتار دس برس تک انہوں نے امیٹھی کی ترقی کو مسلسل نظرانداز کیے رکھا۔ آج جن 7 ریاستوں میں انتخابی میدان سجا ہے ان میں اتر اکھنڈ، ہماچل پردیش، بہار، اترپردیش، آندھراپردیش ، مغربی بنگال اور جموں و کشمیر شامل ہیں۔ اہم امیدواروں میں راہول گاندھی کے رشتے دار وروں گاندھی، سابق کرکٹر محمد کیف اور رابڑی دیوی بھی اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ آج کی پولنگ کے بعد نویں اور آخری مرحلے میں 12 مئی کو ووٹنگ ہوگی اور 16 مئی کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔