بجلی کا بحران ختم ہونے میں وقت لگے گا، نواز شریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

کراچی (جیوڈیسک) وزیرِ اعظم پاکستان محمد نواز شریف نے کہا ہےکہ جب انہوں نے اقتدار سنبھالا تو انہیں پانی اور بجلی سے محروم پاکستان ملا اور اس وقت خزانہ نہ صرف خالی تھا بلکہ مائنس میں تھا۔ انہوں نےکہا کہ بجلی کا مسئلہ حل کرنےمیں وقت لگےگا۔

انہوں نے یہ بات پورٹ قاسم میں کوئلے سےبجلی بنانےوالے دو پلانٹس کےافتتاح کے موقع پر کہی جن سےمجموعی طور پر 1320 میگا واٹ بجلی حاصل ہوگی۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ اگلے آٹھ سے دس برس میں سسٹم میں وافر بجلی داخل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پورٹ قاسم بجلی گھر کے یہ پلانٹس 2017 میں مکمل ہوں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کوئلےسے بجلی کی پیداواری لاگت کم ہوجائے گی اور کہا کہ المرکاب گروپ توانائی منصوبوں اور بنیادی ڈھانچوں کے منصوبے میں بھی سرمایہ کاری کرے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ گڈانی میں بجلی کی پیداوار کے 10 منصوبے لگائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ رحیم یار خان ، مظفر گڑھ ، ساہیوال اور جھنگ میں بجلی کے چار منصوبے لگائے جائیں گے۔ ان کے مطابق رواں ماہ بہاولپور میں شمسی توانائی پارک منصوبے کا افتتاح بھی کیا جائے گا اورگلگت بلتستان میں 4500 میگاواٹ کا بھاشا ڈیم تعمر کیا جائے گا۔