لاہور (جیوڈیسک) چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ جیو اور جنگ گروپ ان کی کردار کشی کررہا ہے لیکن وہ ان کا مقابلہ کریں گے اور میر شکیل الرحمان کے پیچھے دبئی تک جائیں گے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران عمران خان نے کہا کہ انہوں نے 11 مئی کے انتخابات میں 4 حلقوں سے حصہ لیا، 3 میں کامیابی حاصل کی اور 2 میں ریکارڈ ووٹ لئے۔ خیبر پختونخوا کے ہرحلقے میں دوبارہ ووٹنگ کرانے کے لئے تیار ہیں، ہمارا مطالبہ تھا کہ این اے 122 سمیت ملک کے صرف 4 حلقوں میں ووٹوں کی تصدیق کرائی جائے، لاہور ہائی کورٹ صرف اس لئے آئے ہیں کہ سب کے سامنے حقائق رکھ سکیں۔ ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں اور اس کے خلاف کوئی بھی کارروائی ہوئی تو تحریک انصاف مخالفت کرے گی۔ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے لئے قوم ان کے لئے دو مرتبہ صرف اس لئے باہر نکلی کیونکہ وہ چاہتے تھے کہ ملک میں حقیقی جمہوریت آئے گی لیکن ان ہی کی موجودگی میں ملک میں سب سے زیادہ دھاندلی والے انتخابات ہوئے اس وجہ سے وہ ان سے مایوس ہوئے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ دھاندلی والے الیکشن کے ذریعے جھوٹے مینڈیٹ پر کسی حکومت کا اپنے آپ کو جمہوری کہنا مناسب نہیں۔ جمہوریت تو اس وقت ڈی ریل ہوگی جب ملک میں جمہوریت کا وجود ہوگا۔ این اے 118 پر ووٹوں کی گنتی کے جو نتائج سامنے آئے ہیں اس کے مطابق ایک لاکھ 70 ہزار ووٹوں میں سے 90 ہزار میں مہریں ہی نہیں لگی ہوئیں، دیگر 80 ہزار میں سے 40 ہزار ووٹوں کی شناخت ہی نہیں ہوسکی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کا مینڈیٹ چوری کرنے والوں کو آرٹیکل 6 کے تحت سزا نہیں دی جائے گی اس وقت تک ملک میں حقیقی جمہوریت نہیں آئے گی۔ وہ کسی بھی غیر آئینی اقدام کی حمایت نہیں کرتے، صاف اور شفاف انتخابات ہمارا حق ہیں۔