شیخوپورہ میں کول پاور پراجیکٹ کیخلاف حکم امتناعی جاری

Lahore High Court

Lahore High Court

لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے شیخوپورہ میں کول پاور پراجیکٹ کیخلاف حکم امتناعی جاری کر دیا۔ لاہور ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت شروع ہوئی تو عدالت کے روبرو درخواست گزار علی شیر سمیت دیگر کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ حکومت نے شیخوپورہ میں کول پاور پراجیکٹ کے لیے 9 ہزار سے زائد ایکڑ زمین ایکوائر کر لی ہے اور منصوبے پر کام بھی شروع ہو چکا ہے لیکن منصوبہ شروع کرنے سے قبل ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے سروے نہیں کروایا گیا ہے جس سے ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہو گا۔

دوران سماعت ڈی سی او شیخوپورہ نے بھی اعتراف کیا کہ اس منصوبہ کی فزیبلٹی رپورٹ تو بنائی گئی ہے لیکن سروے نہیں کروایا گیا۔ فاضل جج نے قرار دیا کہ شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔عدالت نے 30 روز میں حکومت سے منصوبے سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔