سپریم کورٹ کوحکمرانوں کی غیر آئینی حرکات کا ازخود نوٹس لینا چاہئے:شاہد قریشی,طاہر حسین

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے ترجمان و سیکریٹری اطلاعات طاہر حسین سید کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق اے پی ایم ایل کے سینئررہنما شاہد قریشی نے کہا ہے کہ مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے انکار اور سندھ ہائی کورٹ میں اس حوالے سے داخل کردہ وفاق کا جواب اس بات کا ثبوت ہے کہ مشرف سے انتقام کیلئے حکمران ٹولہ آئین ‘ قوانین اور انسانی حقوق کی دھجیاں اڑارہا ہے۔

سپریم کورٹ کے 8 اپریل 2013ء کے اس حوالے سے فیصلے کی عدم توسیع جبکہ خصوصی عدالت کی جانب سے انہیںاندرون و بیرون ملک سفر کیلئے آزاد قرار دیئے جانے کے باجود مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے حکمرانوں و وفاق کا انکارعدلیہ کی تضحیک ‘ آئین و قوانین سے انکار ‘ انسانی حقوق کی پامالی اور اختیارات کا ناجائز استعمال ہے جس کیخلاف سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کو وفاق وحکمرانوں کی غیر آئینی حرکات و اقدامات کیخلاف ازخود نوٹس لینا چاہئے ۔ اے پی ایم رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کیخلاف غداری سمیت دیگر تمام مقدمات جھوٹے ہیں۔

جو سیاسی و انتقامی طور پر قائم کئے گئے ہیں جبکہ نومبر 2003ء کی ایمرجنسی کے فیصلے کو 7نومبر کو قومی اسمبلی کے 44ویں اجلاس میں ایوان نے باقاعدہ منظور کیا تھا اسلئے مشرف کا 3نومبر کا ایمرجنسی لگانے کا اقدام نہ تو کسی طور غیر قانونی یا غیر آئینی کہلایاجاسکتا ہے اور نہ ہی غداری کے ذمرے میں آتا ہے مگر اس کے باوجود حکمرانوں کی جانب سے مشرف پر غداری سمیت دیگر مقدمات کا قیام ان کی سیاسی و انتقامی چال اور عوام و پاکستان کیخلاف سازش ہے۔