عالمی معاملات میں ناکامی بہت مہنگی پڑے گی: چک ہیگل

Chuck Hagel

Chuck Hagel

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی وزیر دفاع چک ہیگل نے کہا ہے کہ امریکہ اکیلا رہ جانے کی غلطی کرے گا، اگر وہ دنیا کے تنازعات سے الگ تھلگ رہنے کا انداز اپنا لے۔ امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی قیادت میں 13 برس تک عراق اور افغانستان کی جنگوں میں شرکت کے بعد چک ہیگل نے شکاگو میں’فورین افیئرز فورم‘ کو بتایا کہ بیرون ملک فوجی کارروائیوں کے بارے میں اب امریکی زیادہ تذبذب کا اظہار کرتے ہیں۔

تاہم انھوں نے کہا کہ یہ غلطی ہو گی اگر ہم اپنی عالمی ذمہ داریوں کو ایک بوجھ یا خیرات تصور کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی معاملات میں حصہ لینے میں ناکامی بہت مہنگی پڑے گ۔ ان کے بقول تاریخ بتاتی ہے کہ اپنے تک محدود رہنا کسی طور ہمیں دنیا کے مسائل سے الگ نہیں کر دیتا۔ دراصل اس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ بعد میں ہمیں مسائل سے نبرد آزما ہونے پر مجبور ہونا پڑتا ہے۔

بس، قیمت زیادہ چکانی پڑتی ہے، زیادہ جانیں دینی پڑتی ہیں، زیادہ خزانہ لٹانا پڑتا ہے اور وہ بھی اکثر وبیشتر دوسروں کی شرائط پر۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گرد اور باغی ازخود منظر سے اوجھل نہیں ہو جاتے، یہی وجہ ہے کہ امریکہ اپنی افواج کی خصوصی کارروائیوں پر اخراجات میں اضافہ کرتا ہے۔