راولپنڈی (جیوڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے 20 جون سے ٹرین مارچ کا اعلان کر دیا جبکہ ان کا کہنا ہےکہ نواز شریف پہلے بھی اپنی غلطی سے گرے اور اب بھی وہی حرکتیں کر رہے ہیں۔
راولپنڈی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پنڈی کا میرا ایک بھی ووٹر استعفے کا کہے تو ابھی استعفیٰ دینے کے لیے تیار ہوں، پانچ بار رکن اسمبلی بنا مگر کرپشن کا کوئی داغ نہیں، ایسی اسمبلی پر لعنت بھیجتا ہوں ، جان دے دوں گا مگر پنڈی کی عزت پر دھبہ نہیں لگنے دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ 11 مئی تک لوڈ شیڈنگ کم کر کے قوم کو دھوکا دیا جارہا ہے جبکہ لوڈ شیڈنگ آئندہ 11 سالوں میں بھی کم نہیں ہوگی۔
شیخ رشید نے کہا کہ نوازشریف پہلے بھی اپنی غلطی سے گرے اور اب بھی وہی حرکتیں کر رہے ہیں، اسمبلی کو جیب میں ڈالنے والے فوج کو جیب میں بند نہیں کر سکتے، ہماری فوج ایک عظیم فوج ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار نے پاکستان کی 2 نسلوں کو مقروض کر دیا ہے ، گزشتہ پانچ سالوں سے سرکلرڈیٹ 500 ارب تھا جبکہ اب ایک سال میں 300 ارب تک پہنچا گیا ہے۔