پیمرا اراکین میں اختلافات، جیو نیوز کیخلاف درخواست کا معاملہ وزارت قانون کے سپرد

Pemra

Pemra

اسلام آباد (جیوڈیسک) پیمرا اٹھارہ دن بعد بھی جیو نیوز کے خلاف وزارت دفاع کی درخواست پر فیصلہ نہ کر سکی، ممبران کے درمیان اختلافات کے بعد مشاورت کے لیے معاملہ وزارت قانون کو بھجوا دیا گیا۔ اجلاس کا بائیکاٹ کرنے والے ارکان نے الزام لگایا ہے کہ حکومتی ارکان جیو نیوز کے خلاف کارروائی نہیں کرنا چاہتے۔حکومت نے اپنے سیاسی مفاد کے لیے فیصلہ کیا تو یہ خودکش حملہ ہو گا۔ وزارت دفاع کی جیو نیوز کے خلاف درخواست پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی جانب سے پیمرا اتھارٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔

اجلاس میں آئی ایس آئی اور اس کے سربراہ کے خلاف ہرزہ سرائی پر جیو نیوز کے خلاف ممکنہ کارروائی سے متعلق غور کیا گیا۔ پیمرا کے دو ارکان اسرار عباسی اور میاں شمس الرحمان نے دیگر ممبران کے رویے کے خلاف اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا۔ اسرار عباسی نے تین رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے دیا۔ اسرار عباسی کا کہنا تھا کہ کیپٹل ٹی وی کے خلاف پیمرا نے ایک ہی دن میں کارروائی کر دی تھی ، حکومتی ارکان جیونیوز کے خلاف کارروائی نہیں کرنا چاہتے۔

میاں شمس الرحمان کا موقف تھا کہ کسی متنازع فیصلے کا حصہ نہیں بننا چاہتے اس لیے بائیکاٹ کیا۔ دو ارکان کے بائیکاٹ کے بعد باقی ممبران نے جیو نیوز کے خلاف درخواست مشاورت کے لیے وزارت قانون کو بھجوا دی اور اجلاس سولہ مئی تک ملتوی کر دیا۔