فافن کا انتخابی اصلاحات کیلیے سیاسی مذاکرات کرانے کا مطالبہ

FAFEN

FAFEN

اسلام آباد (جیوڈیسک) فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن ) نے انتخابی اصلاحات کے لیے فوری سیاسی مذاکرات پر زور دیا ہے، فافن کا کہنا ہے کہ انتخابی عملے اور امور پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مکمل با اختیار بنایا جانا چاہئے۔ فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن ) نے سیاسی جماعتوں اور ارکان پارلیمان پر زور دیا ہے کہ وہ انتخابی نظام کی بہتری کے لیے وسیع البنیاد اصلاحات پر فوری سیاسی مذاکرات شروع کریں۔

ایک بیان میں فافن نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو انتخابی عملے اور انتخابی امور کے سلسلے میں مکمل با اختیار بنانے کو شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کی بنیادی شرط قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان میں انتخابی نظام کے لیے رائج قوانین بوسیدہ ہو چکے ہیں جن میں دھاندلی اور انتخابی بے قاعدگیوں کے لیے کافی مواقع موجود ہیں۔

جب تک الیکشن کمیشن آف پاکستان کی آزادی مکمل بااختیار ادارے کی صورت اختیار نہیں کرتی اور ماتحت اور اعلیٰ عدلیہ سے انتخابی عملہ لیا جاتا رہیگا، تب تک انتخابات کی ساکھ سوالیہ نشان بنتی رہیگی۔ پاکستان میں شفاف، غیر جانبدار اور قابل جواب دہی انتخابی نظام کے قیام کے لیے فافن نے ادارہ جاتی اور قانونی سطح کی اصلاحات بھی تجویز کی ہے۔

فافن کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کو تمام انتخابی حکام و ماتحت عملے کی تعیناتی اور بے ضابطگی کی صورت میں انہیں برخاست کرنے کے مکمل اختیارات دئے جانے چاہیے۔