کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم موجودہ کشمکش کوپرامن طریقے سے حل کرنے میں کردار ادا کریں اور اپوزیشن بھی بردباری کا مظاہرہ کرے۔ الطاف حسین نے یہ بات لندن سے جاری اپنے ہنگامی بیان میں کہی۔
متحدہ کے قائد کا کہنا تھا کہ وزیراعظم بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت اور اپوزیشن کی موجودہ کشمکش کو پرامن طریقہ سے حل کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ مطالبات کے حق میں جلسے جلوس اور مظاہرے کرناہر جماعت کا آئینی، قانونی اور جمہوری حق ہے۔
لہٰذا جلسوں اورمظاہروں کوروکنے کیلئے غیرجمہوری اور غیر آئینی ہتھکنڈے استعمال کرنے سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے احتجاجی جلسے جلوس اور مظاہرے کرنے والی جماعتوں سے بھی اپیل کی کہ وہ بھی پرامن رہ کرثابت کریں کہ وہ پرامن طریقے سے اپنا احتجاج رجسٹرڈ کرانا چاہتے ہیں اورکسی بھی قسم کے غیر قانونی طریقہ کار کو اختیار نہیں کرنا چاہتے۔