آج پاکستان سمیت کئی ممالک میں ماؤں کا عالمی دن منایا جارہا ہے

Mothers, Day

Mothers, Day

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں ماؤں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ماؤں کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد محبت کے خالص ترین رنگ کیلئے ماں کے مقدس ترین رشتے کی عظمت و اہمیت کو اجاگر کرنا اور ماں کیلئے عقیدت ، احترام اور محبت کے جذبات کو فروغ دینا ہے۔

عورت کو قدرت نے کبھی بیٹی، کبھی بہو اور کبھی بہن کا روپ عطا کیا لیکن ماں کے درجے پر فائز ہوتے ہی ہر عورت اپنی ذات کو بھلاتے ہوئے اپنی تمام تر زندگی صرف ماں کے ہی روپ میں دکھائی دیتی ہے۔

دنیا کا ہر رشتہ اپنی محبت کے عوض کچھ نہ کچھ ضرور طلب کرتا ہے لیکن ماں ایک ایسے درخت کا نام ہے جواپنی اولاد کو پھل بھی دیتی ہے اور چھاؤں بھی فراہم کرتی ہے لیکن کبھی بدلے میں کچھ طلب نہیں کرتی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ سال کاصرف ایک دن اس عظیم و پر شفقت ہستی کے لئے مخصوص نہ کیا جائے بلکہ ہر روز ماں کے انمول رشتے کوخراج عقیدت پیش کر کے اور اس کی خدمت کے ذریعے رب کائنات کو بھی راضی کیا جانا چاہئے۔